سعودی عرب میں ہیلی کاپٹر حادثہ، عملے کے دو ارکان جاں بحق

حادثے کی وجہ تکنیکی خرابی بتائی ہے، تاہم واقعے سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

October 18, 2026 · بام دنیا
سعودی عرب میں ہیلی کاپٹر حادثہ، عملے کے دو ارکان ہلاک

سعودی عرب میں ہیلی کاپٹر حادثہ، عملے کے دو ارکان ہلاک

سعودی عرب کے علاقے نجران میں اے ایچ 6 آئی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں عملے کے دو ارکان جاں بحق ہوگئے۔ حکام نے حادثے کی وجہ تکنیکی خرابی بتائی ہے، تاہم واقعے سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

سعودی فوجی اتحاد نے ہیلی کاپٹر حادثے میں دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ نجران کے علاقے میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات تکنیکی خرابی سے منسلک ہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب کے جدہ ایئرپورٹ پر تقریباً 45 منٹ کی بندش کے بعد پروازوں کی آمدورفت بحال کردی گئی۔ فلائٹ ڈیٹا کے مطابق فضا میں چکر لگانے والی 30 پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی، جبکہ متعدد طیارے جدہ ایئرپورٹ پر اترنے کے لیے کلیئرنس کے منتظر تھے۔

اس سے قبل جدہ ایئرپورٹ پر اچانک پروازوں کی آمدورفت روک دی گئی تھی، جس کے باعث مختلف ممالک اور شہروں سے سعودی عرب آنے والی پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت نہیں مل سکی۔

متاثرہ پروازوں میں دوحہ، بحرین، کوالالمپور، القسیم، دبئی، روم، قاہرہ، فرانس، استنبول، تبوک، ایمسٹرڈیم اور میونخ سے آنے والے طیارے شامل تھے۔

45 منٹ بعد فلائٹ آپریشن بحال ہونے پر لینڈنگ کی منتظر پروازوں کو مرحلہ وار اجازت دی گئی۔ تاہم جدہ ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت معطل کیے جانے کی وجہ سے متعلق فراہم کردہ معلومات میں کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔