چینی وزیراعظم کی ایران پر حملوں کی مذمت، اسلام آباد مفاہمت بحال کرنے کا مطالبہ

ایران پر حملے ایسے وقت کیے گئے جب مذاکرات جاری تھے، ان حملوں کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت بھی حاصل نہیں کی گئی تھی۔

October 20, 2026 · بام دنیا
چینی وزیراعظم کی ایران پر حملوں کی مذمت، اسلام آباد مفاہمت بحال کرنے کا مطالبہ

چینی وزیراعظم کی ایران پر حملوں کی مذمت، اسلام آباد مفاہمت بحال کرنے کا مطالبہ

چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے اسلام آباد مفاہمت کی بحالی پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چین ایران کے جائز حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔

تاجکستان میں ایرانی نائب صدر سے ملاقات کے دوران چینی وزیراعظم نے کہا کہ ایران پر حملے ایسے وقت کیے گئے جب مذاکرات جاری تھے، جبکہ ان کے بقول ان حملوں کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اجازت بھی حاصل نہیں کی گئی تھی۔

لی چیانگ نے ایران کے خلاف امریکا کی یکطرفہ پابندیوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ چین اسلام آباد مفاہمت کی بحالی کی حمایت کرتا ہے اور عالمی فورمز پر ایران کے مؤقف اور حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ دونوں رہنما تاجکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے وزرائے اعظم کے اجلاس میں شرکت کے لیے موجود تھے، جہاں علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔