ڈیزل سے بھرا پہلا روسی جہاز امریکا کے لیے روانہ
روس نے 2 لاکھ 98 ہزار بیرل ڈیزل امریکا بھیجا ہے، جو 7 نومبر کو نیویارک پہنچ سکتا ہے ، رپورٹ
فائل فوٹو
واشنگٹن / ماسکو: امریکا اور روس کے درمیان طے پانے والے نئے توانائی معاہدے کے تحت ڈیزل کی پہلی کھیپ لے کر روسی بحری جہاز امریکا کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔ سنہ 2022 میں روس پر عائد پابندیوں کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ امریکا روسی پیٹرولیم مصنوعات درآمد کر رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس نے 2 لاکھ 98 ہزار بیرل ڈیزل امریکا بھیجا ہے، جو 7 نومبر کو نیویارک پہنچ سکتا ہے، روسی بندرگاہ پرائمورسک سے روانہ ہونے والے اس جہاز کی روانگی کی کریملن نے تصدیق کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے عالمی منڈی میں روسی ڈیزل کی رسد بڑھانے کے لیے پابندیوں میں نرمی کی ہے، امریکا میں روزانہ ڈیزل کی کھپت 38 لاکھ بیرل ہے، اس لیے روسی کھیپ امریکی ضرورت کا ایک دن بھی پورا نہیں کر سکے گی اور قیمتوں پر اس کے محدود اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں میڈیا رپورٹس میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ امریکا میں ڈیزل کی قیمتوں میں رواں سال 78 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ تقریباً ساڑھے چار سال بعد روسی ڈیزل کی امریکا کو برآمدات بحال ہونے جا رہی ہیں۔ امریکا نے اپریل 2022 میں روسی تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائد کی تھی۔