اعلان کے باوجود پاک ایران سرحد پر تجارت مکمل بحال نہ ہوسکی

ایران کی جانب تقریباً 3 سے 4 ہزار جبکہ پاکستان کی جانب 2 سے 3 ہزار ٹرک سرحد پار کرنے کے منتظر ہیں۔

October 27, 2026 · بام دنیا
اعلان کے باوجود پاک ایران سرحد پر تجارت مکمل بحال نہ ہوسکی

اعلان کے باوجود پاک ایران سرحد پر تجارت مکمل بحال نہ ہوسکی

ایران اور پاکستان کے درمیان محدود تجارتی سرگرمیاں بحال ہونے کے باوجود سرحد کے دونوں جانب ہزاروں ٹرک پھنسے ہوئے ہیں، جس کے باعث تاجروں اور مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایران کی جانب تقریباً 3 سے 4 ہزار جبکہ پاکستان کی جانب 2 سے 3 ہزار ٹرک سرحد پار کرنے کے منتظر ہیں۔ تجارتی سرگرمیاں جزوی طور پر بحال ہونے کے باوجود گاڑیوں کی آمدورفت معمول پر نہیں آ سکی۔

ایرانی سفیر کے مطابق ایران کی جانب سے تجارت پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی، تاہم پاکستان میں تجارتی دستاویزات اور ای فارم کے طریقہ کار میں تبدیلی کے باعث گاڑیوں کی نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق 16 اکتوبر سے پہلے تیار کیے گئے ضروری کاغذات رکھنے والی بعض گاڑیوں کو سرحد پار کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے، جبکہ دیگر گاڑیاں تاحال انتظار میں ہیں۔

سرحدی تجارتی سرگرمیاں متاثر ہونے سے مائع پیٹرولیم گیس کی ترسیل سمیت مختلف اشیا کی فراہمی پر بھی دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں اضافے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے اعلیٰ عسکری حکام کے ایران کے دوروں اور علاقائی سلامتی سے متعلق مشاورت کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ ان رابطوں میں سعودی عرب، ترکیہ، پاکستان اور ایران کے درمیان علاقائی تعاون کے امور زیرِ غور آنے کی اطلاعات ہیں۔