سعودی عرب میں سکیورٹی خدشات، امریکہ کا غیر ہنگامی عملے اور اہلِ خانہ کو ملک چھوڑنے کا حکم
خطے میں سکیورٹی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے، جس کے باعث شہریوں اور سرکاری عملے کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ
سعودی عرب میں سکیورٹی خدشات، امریکہ کا غیر ہنگامی عملے اور اہلِ خانہ کو ملک چھوڑنے کا حکم
سعودی عرب میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر امریکہ نے اپنے غیر ہنگامی سرکاری ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو ملک چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ فیصلہ سکیورٹی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی فورسز سعودی عرب میں شہری ہوائی اڈوں اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنا چکی ہیں، جن کے نتیجے میں شہری ہلاکتیں ہوئیں اور فضائی سفر بھی متاثر ہوا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ خطے میں سکیورٹی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے، جس کے باعث شہریوں اور سرکاری عملے کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں امریکی سفارت خانے نے بتایا کہ حالیہ میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد سعودی عرب میں تعینات امریکی سرکاری ملازمین کو کسی بھی ہوائی اڈے کے استعمال سے قبل چیف آف مشن سے خصوصی اجازت لینا ہوگی۔
امریکی حکام نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ ہوائی اڈوں پر ممکنہ حملوں، فضائی حدود بند ہونے، پروازیں منسوخ ہونے اور سفری رکاوٹوں کے خدشات کو مدنظر رکھیں اور سفر کے دوران انتہائی احتیاط سے کام لیں۔
مسافروں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے متعلقہ ایئرلائن اور ہوائی اڈے سے براہِ راست رابطہ کریں۔