سعودی عرب اور کویت کا دفاعی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات اور مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

October 29, 2026 · بام دنیا
سعودی عرب اور کویت کا دفاعی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

سعودی عرب اور کویت کا دفاعی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

سعودی عرب اور کویت نے دفاعی تعاون جاری رکھنے اور خطے میں سلامتی و استحکام کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور کویت کے وزیرِ دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات اور مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیرِ دفاع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ گفتگو کے دوران سعودی عرب اور کویت کے درمیان دفاعی شعبے میں برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔

ان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر بھی بات چیت کی اور سلامتی و استحکام کو درپیش خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی یکجہتی برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے خدشات پائے جاتے ہیں اور خطے کے ممالک دفاعی تعاون اور باہمی مشاورت کو اہمیت دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور کویت خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے اہم رکن ہیں اور دونوں ممالک دفاعی و سکیورٹی امور میں قریبی تعلقات رکھتے ہیں۔