البانیہ کی پارلیمنٹ میدانِ جنگ بن گئی،اپوزیشن ارکان کے فلیئرز اور دھواں بموں سے ہنگامہ

مظاہرین تعلیمی اخراجات میں اضافے، بدعنوانی، مہنگائی اور پولیس تشدد کے الزامات کے خلاف سڑکوں پر ہیں۔

October 30, 2026 · بام دنیا
البانیہ کی پارلیمنٹ میدانِ جنگ بن گئی،اپوزیشن ارکان کے فلیئرز اور دھواں بموں سے ہنگامہ

البانیہ کی پارلیمنٹ میدانِ جنگ بن گئی،اپوزیشن ارکان کے فلیئرز اور دھواں بموں سے ہنگامہ

تیرانہ: یورپی ملک البانیہ کی پارلیمنٹ میں اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سرخ اور نیلے رنگ کے فلیئرز اور دھواں چھوڑنے والے بم چلا دیے، جس کے باعث پارلیمانی کارروائی میں شدید خلل پڑا۔

امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق اپوزیشن ارکان نے مرکزی بینک سے متعلق قانون پر ووٹنگ کے دوران اسپیکر کے ڈائس کا راستہ روک لیا اور زخمی طلبہ مظاہرین کی تصاویر بھی ایوان میں آویزاں کردیں۔
البانیہ میں گزشتہ کئی ہفتوں سے طلبہ کی قیادت میں حکومت مخالف احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین تعلیمی اخراجات میں اضافے، بدعنوانی، مہنگائی اور پولیس تشدد کے الزامات کے خلاف سڑکوں پر ہیں۔

اپوزیشن رہنما سالی بیریشا نے حکمراں سوشلسٹ پارٹی کے ارکان کو مجرم قرار دیتے ہوئے حکومت پر سخت تنقید کی اور وزیراعظم ایڈی راما سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعظم ایڈی راما، جو 2013 سے اقتدار میں ہیں، نے مستعفی ہونے کے مطالبات مسترد کردیے۔ پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی اور احتجاج کے باوجود مرکزی بینک سے متعلق قانون منظور کرلیا گیا، جبکہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر اپوزیشن کے چار ارکان کو ایوان سے نکال دیا گیا۔

پارلیمنٹ میں ہونے والی اس ہنگامہ آرائی نے البانیہ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کو نمایاں کردیا ہے۔