ایران سے مذاکرات جاری، لیکن تہران پر بھروسہ نہیں، ٹرمپ
امریکا ایران کی بحریہ، فضائیہ، فضائی دفاعی نظام، پیداواری صلاحیتوں اور جوہری پروگرام کو تباہ کر چکا ہے۔
ایران سے مذاکرات جاری، لیکن تہران پر بھروسہ نہیں، ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، تاہم تہران پر مکمل اعتماد نہیں کیا جا سکتا۔
فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ پر ہالووین پارٹی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران معاہدہ کرنے کے بعد اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ جاتا ہے، اب دیکھنا ہوگا کہ آیا دونوں ممالک کے درمیان کوئی معاہدہ طے پاتا ہے یا نہیں، امریکا کو اس معاملے میں کوئی جلدی نہیں۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایران کی بحریہ، فضائیہ، فضائی دفاعی نظام، پیداواری صلاحیتوں اور جوہری پروگرام کو تباہ کر چکا ہے۔
ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ اب صرف ایک یا دو مقامات باقی رہ گئے ہیں جن سے نمٹنا ہے، یہ کارروائی صرف 10 منٹ میں مکمل کی جا سکتی ہے اور اس کے لیے امریکا کے پاس باقاعدہ منصوبہ موجود ہے۔
صدر ٹرمپ کے بیان میں ایک طرف ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کا ذکر کیا گیا ہے تو دوسری جانب ممکنہ فوجی کارروائی کے حوالے سے بھی سخت مؤقف اختیار کیا گیا ہے۔