مکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت کے لیے بات چیت جاری ہے،شام کی تصدیق
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان رواں سال اگست میں مکہ دفاعی معاہدہ طے پایا تھا
مکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت کے لیے بات چیت جاری ہے،شام کی تصدیق
شام نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شمولیت کے امکان پر مذاکرات جاری ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
شامی وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے بحرین میں منقعدہ منامہ ڈائیلاگ کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دمشق مکہ دفاعی اتحاد میں شامل ہونے کے معاملے کا جائزہ لے رہا ہے اور اس حوالے سے بات چیت جاری ہے، تاہم ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان رواں سال اگست میں مکہ دفاعی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت کسی ایک رکن ملک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
معاہدے میں دفاعی تعاون، فوجی رابطوں، انٹیلی جنس کے تبادلے اور مشترکہ دفاعی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی شقیں بھی شامل ہیں۔
اسعد الشیبانی کا کہنا تھا کہ شام خطے کی سلامتی کا اہم حصہ ہے اور دمشق ایسے علاقائی تعاون کی حمایت کرتا ہے جو امن، استحکام اور مشترکہ دفاع کو مضبوط بنائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ کو موجودہ حالات میں مشترکہ دفاعی اور مؤثر بازدار قوت کے نظام کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔