انتخابی فہرستوں میں مبینہ دھاندلی، راہول گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن مارچ
احتجاجی مارچ نئی دہلی کے وسطی علاقے سے شروع ہو کر رام لیلا میدان پہنچے
انتخابی فہرستوں میں مبینہ دھاندلی، راہول گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن مارچ
نئی دہلی: بھارت میں انتخابی فہرستوں میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے جمہوریت بچاؤ مارچ کا اہتمام کیا ہے، جس کی قیادت کانگریس رہنما راہول گاندھی کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق احتجاجی مارچ نئی دہلی کے وسطی علاقے سے شروع ہو کر رام لیلا میدان پہنچے گا، جس میں مختلف اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کے علاوہ طلبہ تنظیموں اور نوجوانوں کی بھی شرکت متوقع ہے۔
اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مارچ میں لاکھوں افراد شریک ہو سکتے ہیں۔ ریلی کے اختتام پر رام لیلا میدان میں جلسہ بھی منعقد کیا جائے گا، جہاں انتخابی فہرستوں میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف آواز اٹھائی جائے گی۔
دوسری جانب احتجاج کے پیش نظر نئی دہلی میں سکیورٹی کے انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ رام لیلا میدان اور اس کے اطراف بڑی تعداد میں سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جن کے پاس ڈھالیں اور لاٹھیاں موجود ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاجی مارچ کے شرکا کی جانب سے بھارتی چیف الیکشن کمشنر گنیش کمار سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔