لاہور میں شوہر کی وفات کے بعد بیوہ پر مبینہ تشدد اور بال کاٹنے کا واقعہ، نند اور بہنوئی گرفتار
سنگین واقعہ پیش آیا، پولیس نے فوری کارروائی کی، ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا
لاہور میں بیوہ پر مبینہ تشدد کے واقعے کے بعد پولیس کی کارروائی کا منظر
لاہور میں شوہر کے انتقال کے 40 روز بعد سسرالیوں کی جانب سے بیوہ خاتون پر مبینہ تشدد اور اس کے سر کے بال کاٹنے کا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نند اور اس کے خاوند کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے 15 پر کال کر کے مدد طلب کی تھی، جس پر لوئر مال پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمہ نگینہ اور اس کے خاوند خرم کو حراست میں لے لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون کا میڈیکل معائنہ کروا لیا گیا ہے اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ شوہر کی وفات کے صرف 40 روز بعد سسرالیوں نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے سر کے بال کاٹ دیے۔ خاتون کے مطابق ملزمان نے دورانِ عدت اسے 3 بچوں سمیت گھر سے زبردستی نکالنے کی کوشش کی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے اس حوالے سے بتایا کہ متاثرہ خاتون کی مدیت میں تھانہ لوئر مال میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین پر تشدد اور بدسلوکی کی شکایات پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ متاثرہ خواتین کو تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔