یوکرین کا روس پر امدادی مرکز پر حملے کا الزام،26 افراد ہلاک

جنوبی زاپوریژژیا کے علاقے میں واقع گاؤں کومیشوواخا پر کم از کم 9 بھاری فضائی بم گرائے گئے۔ ہر بم کا وزن تقریباً 3 ہزار کلوگرام بتایا گیا ہے

November 3, 2026 · بام دنیا
یوکرین کا روس پر امدادی مرکز پر حملے کا الزام،26 افراد ہلاک

یوکرین کا روس پر امدادی مرکز پر حملے کا الزام،26 افراد ہلاک

یوکرین نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ اس کی فضائی بمباری میں امدادی سامان تقسیم کرنے والے ایک مرکز کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے۔ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلینسکی نے اس حملے کو انتہائی ہولناک قرار دیا ہے۔

علاقائی سربراہ میخائلو سیمیکن کے مطابق جنوبی زاپوریژژیا کے علاقے میں واقع گاؤں کومیشوواخا پر کم از کم 9 بھاری فضائی بم گرائے گئے۔ ہر بم کا وزن تقریباً 3 ہزار کلوگرام بتایا گیا ہے۔ حملے میں 5 افراد زخمی ہوئے جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 27 افراد لاپتا ہو گئے تھے۔

صدر زیلینسکی کا کہنا ہے کہ حملے میں ایک مقامی اسکول کو نشانہ بنایا گیا، جسے امدادی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ ان کے مطابق پہلے حملے کے بعد اس مقام پر دوسرا حملہ بھی کیا گیا جہاں لوگوں نے پناہ لے رکھی تھی۔

زیلینسکی نے حملے کے بعد کی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں بڑے گڑھے اور تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے میں امدادی ٹیموں کو تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب روسی فوج کی جانب سے تاحال اس حملے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔