یورپ میں فریزرز پر ہیکرز کا دوبارہ حملہ،فریزرز گرم ہونے سے کروڑوں کا نقصان
ہیکرز نے درجہ حرارت کنٹرول کرنے والے نظام میں مداخلت کی، جس کے باعث فریزرز ٹھنڈے رہنے کے بجائے گرم ہونے لگے
یورپ میں فریزرز پر ہیکرز کا دوبارہ حملہ،فریزرز گرم ہونے سے کروڑوں کا نقصان
یورپ میں سوئیڈن اور بیلجیئم کی معروف سپر مارکیٹ چینز کے فریج اور فریزرز مبینہ طور پر سائبر حملے کا دوسری مرتبہ نشانہ بن گئے، جس کے نتیجے میں خوراک محفوظ رکھنے والے نظام متاثر ہوئے اور بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیکرز نے سپر مارکیٹس میں نصب مرکزی اسمارٹ کولنگ سسٹم تک رسائی حاصل کرکے درجہ حرارت کنٹرول کرنے والے نظام میں مداخلت کی، جس کے باعث فریزرز ٹھنڈے رہنے کے بجائے گرم ہونے لگے۔
درجہ حرارت میں اچانک تبدیلی کے باعث فریزرز میں رکھا ہوا گوشت، مکھن، آئس کریم اور دیگر منجمد سامان پگھل کر خراب ہوگیا۔ اس واقعے سے متاثرہ سپر مارکیٹس کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق جب ملازمین صبح کام پر پہنچے تو کولنگ سیکشنز میں سامان پگھلا ہوا تھا۔ سیکیورٹی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ ڈیجیٹل نظام کے رابطے منقطع کیے، تاہم اس وقت تک کافی نقصان ہو چکا تھا۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ہیکرز اب صرف معلومات چوری کرنے تک محدود نہیں رہے بلکہ روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والے خودکار نظاموں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔