بجٹ پر اختلافات، بیلجیم کے وزیراعظم نے استعفیٰ دے دیا
بادشاہ فلپ نے وزیراعظم کا استعفیٰ فوری طور پر منظور کرنے کے بجائے فیصلہ مؤخر کردیا ہے
بجٹ پر اختلافات، بیلجیم کے وزیراعظم نے استعفیٰ دے دیا
بیلجیم میں وفاقی بجٹ پر حکومتی اتحاد کی پانچ جماعتوں کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد سیاسی بحران شدت اختیار کرگیا ہے، جس کے نتیجے میں وزیراعظم بارٹ ڈی ویور نے استعفیٰ پیش کردیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بادشاہ فلپ نے وزیراعظم کا استعفیٰ فوری طور پر منظور کرنے کے بجائے فیصلہ مؤخر کردیا ہے۔ بادشاہ حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے سربراہان سے مشاورت کریں گے، جبکہ وزیراعظم بارٹ ڈی ویور کو جمعہ 6 نومبر کو دوبارہ شاہی محل طلب کرلیا گیا ہے۔
شاہی محل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بیلجیم موجودہ معاشی حالات میں طویل سیاسی بحران کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ سیاسی جماعتوں کو قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے اختلافات ختم کرنے اور سمجھوتے کی راہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔
رپورٹس کے مطابق حکومتی اتحادی جماعتوں کے درمیان سرکاری اخراجات میں کمی اور دولت مند طبقے پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کے معاملات پر اختلافات برقرار ہیں۔
نائب وزیراعظم میکسم پریوو نے کہا ہے کہ مالی بوجھ کی منصفانہ تقسیم ملک کے مستقبل کے لیے ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی تعطل برقرار رہا تو قبل از وقت انتخابات کا امکان بھی موجود ہے۔
وزیراعظم کی 6 نومبر کو بادشاہ فلپ سے ہونے والی ملاقات کو بیلجیم کے سیاسی بحران کے مستقبل کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔