آبنائے ہرمز کشیدگی، اردوان کا متبادل تجارتی راستوں پر زور
عالمی تجارت کے محفوظ اور مستحکم تسلسل کے لیے مختلف تجارتی راستوں کی دستیابی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔
آبنائے ہرمز کشیدگی، اردوان کا متبادل تجارتی راستوں پر زور
ترک صدر رجب طیب اردوان نے آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے تناظر میں عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کو محفوظ بنانے کے لیے متبادل تجارتی راستے قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انقرہ میں گفتگو کرتے ہوئے صدر اردوان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کے تنازع نے عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی کو لاحق خطرات واضح کردیے ہیں، جس کے باعث متبادل تجارتی راہداریوں کی ترقی اور عالمی تعاون پہلے سے زیادہ اہم ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی توانائی منڈیوں اور بین الاقوامی تجارتی راستوں کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، تاکہ عالمی معیشت پر ممکنہ منفی اثرات کو کم کیا جاسکے۔
ترک صدر کے مطابق ترکیہ ایشیا اور یورپ کے درمیان تجارتی رابطوں کو مضبوط بنانے اور متبادل راستوں کی ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی تجارت کے محفوظ اور مستحکم تسلسل کے لیے مختلف تجارتی راستوں کی دستیابی وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔