نیپال میں ایورسٹ بیس کیمپ کے قریب دو ہیلی کاپٹر ٹکرا گئے، بھارتی شہری ہلاک
ہلاک ہونے والے مسافر کا تعلق بھارتی ریاست تامل ناڈو سے تھا، جبکہ زخمی شخص کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے لکلا منتقل کردیا گیا۔
نیپال میں ایورسٹ بیس کیمپ کے قریب دو ہیلی کاپٹر ٹکرا گئے، بھارتی شہری ہلاک
نیپال میں ایورسٹ بیس کیمپ کے قریب دو ہیلی کاپٹروں کے تصادم کے نتیجے میں ایک بھارتی شہری ہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
نیپال کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نائب ترجمان گیانیندر بھول نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حادثہ صبح تقریباً 8 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔
سولوکھمبو کے اسسٹنٹ چیف ڈسٹرکٹ آفیسر بھوپیندر تھاپا کے مطابق ہلاک ہونے والے مسافر کا تعلق بھارتی ریاست تامل ناڈو سے تھا، جبکہ زخمی شخص کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے لکلا منتقل کردیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک ہیلی کاپٹر لکلا سے آرہا تھا جبکہ دوسرا گورکھپور سے واپسی پر تھا۔ دونوں ہیلی کاپٹر ایورسٹ بیس کیمپ کے قریب ایک ہی مقام پر اترنے کی کوشش کررہے تھے کہ اس دوران آپس میں ٹکرا گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ ابتدائی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ برف سے ڈھکے ہونے کے باعث پائلٹس نے مقررہ ہیلی پیڈ کے بجائے کسی دوسرے مقام پر اترنے کی کوشش کی ہو۔
حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹرز کا تعلق فش ٹیل ایئر اور ایئر ڈائنسٹی کمپنیوں سے تھا۔