مکہ مکرمہ کے قریب ڈرون مار گرانے کا اتحادی افواج کا دعویٰ

سعودی عرب اور یمن کے حوثی جنگجوؤں کے درمیان حالیہ ہفتوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے

November 3, 2026 · بام دنیا
مکہ مکرمہ کے قریب ڈرون مار گرانے کا اتحادی افواج کا دعویٰ

مکہ مکرمہ کے قریب ڈرون مار گرانے کا اتحادی افواج کا دعویٰ

سعودی عرب میں اتحادی افواج نے مکہ مکرمہ کے قریب ایک ڈرون روک کر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اتحادی افواج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ڈرون کو تباہ کرنے کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ڈرون کس سمت سے آیا، اسے کس نے بھیجا تھا اور اس کا ممکنہ ہدف کیا تھا۔

انادولو نیوز ایجنسی کے مطابق سعودی عرب اور یمن کے حوثی جنگجوؤں کے درمیان حالیہ ہفتوں میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل 30 اکتوبر کو بھی سعودی قیادت میں قائم اتحادی افواج نے مکہ مکرمہ کے علاقے میں ایک ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ اسے حوثی جنگجوؤں نے بھیجا تھا۔

تاہم حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی فورسز نے اس روز سعودی سرزمین پر کوئی حملہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ یمن میں 2015 سے جاری تنازع کے باعث سعودی عرب اور حوثی جنگجوؤں کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ سعودی عرب اس سے قبل بھی اپنے مختلف علاقوں میں میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنانے کے دعوے کرتا رہا ہے۔