سعودی عرب کا کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان

شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔سعودی حکومت

November 4, 2026 · بام دنیا
سعودی عرب کا کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان

سعودی عرب کا کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان

ریاض: سعودی کابینہ نے خبردار کیا ہے کہ مملکت کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ سعودی حکومت نے واضح کیا ہے کہ شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ اعلان ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت ریاض میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں مشرق وسطیٰ سمیت دنیا بھر کی تازہ صورتحال اور خطے کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سعودی عرب اپنی قومی سلامتی کے تحفظ اور علاقائی استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔ اس کے ساتھ دوست ممالک کے تعاون اور سفارتی رابطوں کے ذریعے خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کی کوششیں بھی جاری رہیں گی۔

اجلاس کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان نے کابینہ کو ملائیشیا کے بادشاہ سلطان ابراہیم اسکندر کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات اور چینی صدر شی جن پنگ کو بھیجے گئے اپنے پیغام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ جنوبی کوریا، رومانیہ اور اسپین کی قیادت کے ساتھ ٹیلی فونک رابطوں اور اردن کے ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبداللہ سے ہونے والی ملاقات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

سعودی وزیر اطلاعات سلمان الدوسری کے مطابق کابینہ نے خلیج تعاون کونسل اور گروپ 20 کے اجلاسوں میں سعودی عرب کی شرکت کے نتائج کا بھی جائزہ لیا اور عالمی سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

سعودی کابینہ نے سمندری راستوں میں جہاز رانی کی سلامتی اور عالمی توانائی کی فراہمی کو متاثر کرنے والی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بین الاقوامی تجارت کی بلا تعطل ترسیل اور سمندری راستوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ خطے میں کشیدگی اور مختلف چیلنجز کے باوجود سعودی عرب عالمی منڈیوں کو توانائی کی قابل اعتماد فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔