امریکا کا سعودی عرب میں دوبارہ سکیورٹی الرٹ جاری،غیر ہنگامی عملے کو ملک چھوڑنے کی ہدایت
حوثیوں کی جانب سے شہری ہوائی اڈوں اور دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے خدشات کے باعث سکیورٹی صورتحال تشویشناک
امریکا کا سعودی عرب میں دوبارہ سکیورٹی الرٹ جاری،غیر ہنگامی عملے کو ملک چھوڑنے کی ہدایت
ریاض: امریکا نے سعودی عرب میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اپنے غیر ہنگامی سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی ہے۔
امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے شہری ہوائی اڈوں اور دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کے خدشات کے باعث سکیورٹی صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے۔
سفارت خانے کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں، جبکہ فضائی سفر اور دیگر سفری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ حالات مزید خراب ہونے کا خدشہ موجود ہے۔
امریکی سفارت خانے نے اپنے سرکاری ملازمین کی سعودی عرب میں نقل و حرکت پر بھی نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ ہدایات کے مطابق امریکی اہلکاروں کو سعودی عرب کے کسی بھی ہوائی اڈے پر جانے کے لیے امریکی چیف آف مشن سے پیشگی خصوصی اجازت حاصل کرنا ہوگی۔
اس کے علاوہ امریکی سرکاری ملازمین کو یمن کی سرحد سے 20 میل کے اندر سفر کرنے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ یہ حفاظتی اقدامات سعودی عرب میں تعینات امریکی عملے اور ان کے اہل خانہ کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔