28 سال بعد پیدل دنیا گھومنے والابرطانوی مہم جو گھر پہنچ گیا

ان کا مقصد امریکا، روس اور یورپ سمیت چار براعظموں کے مختلف ممالک سے گزرتے ہوئے تقریباً 57 ہزار 936 کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کرنا تھا

November 4, 2026 · بام دنیا
28 سال بعد پیدل دنیا گھومنے والابرطانوی مہم جو گھر پہنچ گیا

28 سال بعد پیدل دنیا گھومنے والابرطانوی مہم جو گھر پہنچ گیا

لندن: نہ ہوائی جہاز استعمال کیا، نہ ٹرین اور نہ ہی کسی گاڑی کا سہارا لیا، برطانوی مہم جو کارل بشبی نے 28 سال تک پیدل سفر کرنے کے بعد بالآخر اپنے گھر واپسی کا سفر مکمل کرلیا، جہاں ان کی والدہ نے جذباتی انداز میں استقبال کیا۔

سابق برطانوی پیراٹروپر کارل بشبی نے نومبر 1998 میں جنوبی امریکی ملک چلی کے آخری سرے سے اپنے غیر معمولی سفر کا آغاز کیا تھا۔ ان کا مقصد امریکا، روس اور یورپ سمیت چار براعظموں کے مختلف ممالک سے گزرتے ہوئے تقریباً 57 ہزار 936 کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کرنا تھا۔ انہوں نے یہ سفر 12 سال میں مکمل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم مختلف رکاوٹوں کے باعث یہ مہم 28 سال تک جاری رہی۔

اس طویل سفر کے دوران کارل بشبی کو کئی خطرناک حالات کا سامنا کرنا پڑا۔ روس میں جاسوسی کے الزام پر انہیں گرفتار کیا گیا اور ملک بدر کیے جانے کی دھمکی بھی دی گئی۔ ایک موقع پر ان کا سامنا قطبی ریچھ سے ہوا، جبکہ مسلح افراد نے انہیں بندوق کی نوک پر روک لیا۔ اس کے علاوہ سامان اٹھانے کے لیے استعمال ہونے والی ٹرالی خراب ہونے کے باعث انہیں اسے تبدیل بھی کرنا پڑا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کارل بشبی نے پیر کے روز اپنے سفر کے آخری چند کلومیٹر ہل سٹی ہال سے اپنی والدہ کے گھر تک پیدل طے کیے۔ 28 سال بعد گھر پہنچنے پر ان کی والدہ نے انہیں گلے لگا کر خوش آمدید کہا۔

یوں تقریباً تین دہائیوں پر محیط ایک غیر معمولی پیدل مہم اپنے اختتام کو پہنچ گئی۔