ایران جنگ انتخابی شکست کی بڑی وجہ بنی ، ٹرمپ کا اعتراف

تیل کی قیمتوں میں اضافے نے ووٹرز کو ناراض کیا ، میڈیا سے گفتگو

November 5, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ ایران جنگ ریپبلکن پارٹی کی انتخابی شکست کی ایک بڑی وجہ بنی۔ ان کا کہنا ہے کہ ’جنگ کے باعث مختصر مدت کے لیے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس سے ووٹرز ناراض ہوئے۔‘

وائٹ ہاؤس میں ڈیموکریٹس کی جانب سے کانگریس کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے نائب صدر جے ڈی وینس کے اس بیان سے اتفاق کیا کہ ایران جنگ ریپبلکنز کی انتخابی شکست کی اہم وجوہات میں شامل تھی۔

ٹرمپ نے کہا کہ ’یہ بات بڑی حد تک درست ہے کہ ایران جنگ نے انتخابی نتائج پر اثر ڈالا، تاہم ان کے بقول ووٹرز کو جنگ سے زیادہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر اعتراض تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اگر انھیں دوبارہ یہی فیصلہ کرنے کا موقع ملتا تو وہ پھر بھی ایران کے خلاف جنگ کا فیصلہ کرتے۔

انتخابی مہم کے اختتام پر کسی پچھتاوے سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اگر وہ خود انتخابی امیدوار ہوتے تو ریپبلکنز کامیاب ہو جاتے۔

انھوں نے کہا کہ ریپبلکن پارٹی ان کی انتخابی ریلیوں میں ملنے والی محبت اور حمایت کو اپنے امیدواروں تک منتقل کرنے میں ناکام رہی۔ ان کے بقول ان کی ریلیوں میں عوام کی محبت غیر معمولی تھی۔

دوسری جانب ڈیموکریٹس کے کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد مواخذے کے ممکنہ خطرے سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ انھیں اس حوالے سے ذرا بھی تشویش نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ڈیموکریٹس کی جانب سے مواخذے کی کوشش ان کی اپنی جماعت کو تباہ کر دے گی اور یہ بلاجواز اقدام ہوگا۔‘ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ’امریکہ اپنی تاریخ کے کسی بھی دور سے زیادہ کامیاب ہے۔‘

واضح رہے کہ امریکی ایوانِ نمائندگان اس سے قبل دو مرتبہ ڈونلڈ ٹرمپ کا مواخذہ کر چکا ہے، تاہم دونوں مرتبہ سینیٹ نے انھیں الزامات سے بری کر دیا تھا۔