ایران کا امریکی سرزمین تک پہنچنے والے میزائل بنانے کا اعلان

ضرورت پڑنے پر ان میزائلوں کی مار کرنے کی صلاحیت 15 ہزار کلومیٹر تک بڑھائی جاسکتی ہے۔

November 5, 2026 · بام دنیا
ایران کا امریکی سرزمین تک پہنچنے والے میزائل بنانے کا اعلان

ایران کا امریکی سرزمین تک پہنچنے والے میزائل بنانے کا اعلان

ایران نے اپنی میزائل صلاحیت میں مزید اضافے کا عندیہ دیتے ہوئے 6 ہزار کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تیار کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ایرانی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ان میزائلوں کی مار کرنے کی صلاحیت 15 ہزار کلومیٹر تک بڑھائی جاسکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے نائب چیئرمین جنرل حیات مقدم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران 6 ہزار کلومیٹر رینج کے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی وزارت دفاع اور پاسداران انقلاب مشترکہ طور پر ایسے میزائل تیار کرسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیر دفاع سے باقاعدہ طور پر بین البراعظمی میزائلوں کی تیاری کی درخواست بھی کی جاچکی ہے۔

جنرل حیات مقدم نے دعویٰ کیا کہ ایران کے مجوزہ میزائل امریکی سرزمین تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔ ان کے مطابق ضرورت کے تحت ان میزائلوں کی رینج 15 ہزار کلومیٹر تک بھی بڑھائی جاسکتی ہے۔

ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ ایٹم بم کی تیاری فی الحال قومی سلامتی کمیشن کے باضابطہ ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے بعض ارکان نے اپنی انفرادی تقاریر میں جوہری ہتھیاروں کا ذکر کیا ہے، تاہم اس معاملے پر اب تک کوئی باضابطہ بحث یا فیصلہ نہیں ہوا۔

ایرانی عہدیدار کے مطابق جوہری بم کی تیاری یا اس حوالے سے کسی بھی عملی اقدام کے لیے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی باضابطہ اجازت اور فتویٰ ضروری ہوگا۔