یوکرین کا روس میں اوزون کے لاجسٹکس مرکز پر ڈرون حملہ
اوزون کے لاجسٹکس مرکز پر ہونے والے اس حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ یہ اس مرکز پر دوسرا ڈرون حملہ ہے۔
یوکرین کا روس میں اوزون کے لاجسٹکس مرکز پر ڈرون حملہ
یوکرین نے روس کے جنوبی علاقے میں آن لائن خریداری کی معروف کمپنی اوزون کے لاجسٹکس مرکز کو ایک بار پھر ڈرون حملے کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں عمارت میں آگ لگ گئی۔ انتظامیہ کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق روس کے علاقے اڈیگےسک میں واقع اوزون کے لاجسٹکس مرکز پر ہونے والے اس حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ یہ اس مرکز پر دوسرا ڈرون حملہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق یوکرین گزشتہ جولائی سے روسی کمپنی اوزون اور اس کی حریف کمپنی وائلڈ بیریز کے متعدد بڑے گوداموں کو نشانہ بنا چکا ہے۔
کمپنی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت مرکز میں موجود تمام ملازمین کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حملے کے بعد اوزون نے متاثرہ مرکز میں فروخت کنندگان کی اشیا کی وصولی عارضی طور پر معطل کردی ہے۔ کمپنی کے مطابق ایسے آرڈرز منسوخ کیے جائیں گے جن کی ترسیل دوسرے مراکز کے ذریعے ممکن نہیں ہوگی۔
کمپنی نے گزشتہ ہفتے جاری کردہ مالیاتی رپورٹ میں بتایا تھا کہ اس کی 11 تنصیبات پر ڈرون حملوں کے نتیجے میں تقریباً 36 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے نقصان کا خدشہ ہے۔