انتخابی شکست کے بعد ٹرمپ کا پہلا خطاب،بال روم منصوبے پر طویل گفتگو
ٹرمپ نے 41 منٹ سے زائد وقت تک بال روم کے تعمیراتی منصوبے، ڈیزائن اور وائٹ ہاؤس میں جاری دیگر تزئین و آرائش کے کاموں کی تفصیلات بیان کیں۔
انتخابی شکست کے بعد ٹرمپ کا پہلا خطاب،بال روم منصوبے پر طویل گفتگو
واشنگٹن: امریکی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے خطاب میں انتخابی نتائج کے بجائے وائٹ ہاؤس میں زیرِ تعمیر بال روم کے منصوبے پر تفصیلی گفتگو کی۔
ڈیموکریٹک پارٹی کی کامیابی کے اگلے روز صدر ٹرمپ صحافیوں کو وائٹ ہاؤس لے گئے، جہاں بال روم کی تعمیر کے سلسلے میں عمارت کے آخری اسٹیل بیم کی تنصیب کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔
اس موقع پر ٹرمپ نے 41 منٹ سے زائد وقت تک بال روم کے تعمیراتی منصوبے، ڈیزائن اور وائٹ ہاؤس میں جاری دیگر تزئین و آرائش کے کاموں کی تفصیلات بیان کیں۔
امریکی صدر نے بتایا کہ بال روم کی تعمیر میں چونے کے پتھر کے خوبصورت ستون اور اطالوی سنگِ مرمر استعمال کیا جائے گا۔ انہوں نے عمارت کے نیچے پانچ منزلہ زیرِ زمین بنکر کا ذکر کرتے ہوئے اسے واشنگٹن کا محفوظ ترین مقام قرار دیا۔
ٹرمپ کے مطابق فوج کی جانب سے زیرِ زمین تعمیر کے لیے متعدد سکیورٹی تقاضے پیش کیے گئے تھے، جنہیں ان کی ٹیم نے پورا کیا۔ انہوں نے وائٹ ہاؤس کے لان میں نئے ہیلی پیڈ اور واشنگٹن میں گالف کورس کی تزئین و آرائش سمیت دیگر منصوبوں کا بھی تذکرہ کیا۔
صدر ٹرمپ نے تعمیراتی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بال روم کا منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے اور مختص بجٹ کے اندر مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس پیش رفت کو معجزہ قرار دیتے ہوئے اس کا کریڈٹ تعمیراتی کارکنوں کو دیا۔