نیتن یاہو کے دوبارہ اسرائیلی وزیراعظم بننے کے امکانات کم،عرب جماعتوں نے گادی آئزن کوٹ کی حمایت کردی

عرب سیاسی جماعتوں کی حمایت سے گادی آئزن کوٹ کو کنیسٹ میں 67 ارکان کی تائید حاصل

November 5, 2026 · بام دنیا

نیتن یاہو کے دوبارہ اسرائیلی وزیراعظم بننے کے امکانات کم، عرب جماعتوں نے گادی آئزن کوٹ کی حمایت کردی

اسرائیل میں حالیہ انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے سیاسی جوڑ توڑ جاری ہے، عرب سیاسی جماعتوں کی جانب سے یشر پارٹی کے چیئرمین گادی آئزن کوٹ کی حمایت کے اعلان کے بعد بنیامین نیتن یاہو کی اتحادی جماعتوں میں اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

نیتن یاہو کی اتحادی جماعت یونائیٹڈ توراہ جوڈازم نے وزیراعظم کے لیے کسی بھی امیدوار کی حمایت سے انکار کردیا ہے۔ جماعت قدامت پسند طلبہ کو فوجی سروس سے استثنیٰ دینے کا قانون منظور نہ ہونے پر ناراض ہے۔

یونائیٹڈ توراہ جوڈازم کے مطابق جماعت کے نمائندوں نے اسرائیلی صدر سے مشاورت کے دوران کسی امیدوار کی سفارش نہیں کی، جبکہ مستقبل کی کسی بھی حکومت کی حمایت فوجی سروس سے استثنیٰ کے قانون سے مشروط ہوگی۔

دوسری جانب اسرائیلی انتخابات میں 11 نشستیں حاصل کرنے والے عرب سیاسی اتحاد جوائنٹ لسٹ اور 8 نشستیں حاصل کرنے والی عرب جماعت رام (Ra’am) نے یشر پارٹی کے چیئرمین گادی آئزن کوٹ کی حمایت کردی ہے۔

عرب جماعت رام کے سربراہ منصور عباس کا کہنا ہے کہ انہوں نے حکومت سازی کے لیے آئزن کوٹ کی حمایت اس لیے کی کیونکہ ان کے خیال میں آئزن کوٹ کا حکومت بنانا ممکن ہے۔
عرب جوائنٹ لسٹ نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے وزیراعظم کے لیے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کو گادی آئزن کوٹ کا نام تجویز کریں گے۔

اس پیشرفت کے بعد آئزن کوٹ کو کنیسٹ میں 67 ارکان کی حمایت حاصل ہونے کی توقع ہے، جو حکومت سازی کے لیے درکار 61 ارکان کی تعداد سے زیادہ ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق مبصرین کا کہنا ہے کہ ان جماعتوں کی جانب سے آئزن کوٹ کی حمایت کا لازمی مطلب یہ نہیں کہ وہ حتمی طور پر حکومتی اتحاد میں بھی شامل ہوں گی۔

جوائنٹ لسٹ کے مطابق اس کے تینوں دھڑوں نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ نیتن یاہو اور ان کی حکومت کو دوبارہ اقتدار میں آنے سے روکنے کے عوامی مطالبے کے جواب میں کیا ہے۔

اسرائیلی سیاستدان یائر گولان نے بھی اپوزیشن سے عرب جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔