پیٹ ہیگستھ اور مارکو روبیو کے مستعفی ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں، وائٹ ہاؤس
ان پر اور ان کی ٹیم پر اس لیے تنقید کی جارہی ہے کیونکہ وہ مؤثر انداز میں کام کر رہے ہیں، پیٹ ہیگستھ
پیٹ ہیگستھ اور مارکو روبیو کے مستعفی ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں، وائٹ ہاؤس
وائٹ ہاؤس نے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ اور وزیر خارجہ مارکو روبیو کے عہدے چھوڑنے سے متعلق خبروں کو مسترد کردیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی ناکامی کے بعد دونوں اہم عہدیداروں کے مستقبل کے حوالے سے قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں، تاہم وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمہ خارجہ نے ان خبروں کی تردید کردی ہے۔
رپورٹس کے مطابق وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کو ایران جنگ سے نمٹنے کے معاملے پر تنقید کا سامنا ہے اور بعض حلقوں کی جانب سے انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔ ایک سبکدوش ہونے والے ریپبلکن رکن کانگریس نے آئندہ ہفتے ہیگستھ کے مواخذے کے لیے ووٹنگ کی کوشش کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
تنقید کے جواب میں پیٹ ہیگستھ نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے اپنی کارکردگی کا دفاع کیا اور کہا کہ ان پر اور ان کی ٹیم پر اس لیے تنقید کی جارہی ہے کیونکہ وہ مؤثر انداز میں کام کر رہے ہیں، تاہم مخالفین کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
دوسری جانب وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بھی عہدہ چھوڑنے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدت صدارت مکمل ہونے تک ان کے ساتھ کام کرنا ہمیشہ سے ان کا منصوبہ رہا ہے۔
مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ انہیں اپنا کام پسند ہے اور وہ عہدہ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
ادھر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پیٹ ہیگستھ کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں وزیر دفاع کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی ہیں، تاہم ان کا انہیں عہدے پر برقرار رکھنے کا ارادہ ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے پیٹ ہیگستھ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے شاندار کام کیا ہے۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس نے ریپبلکن پارٹی کی انتخابی ناکامی کی بڑی وجہ ایران جنگ کو قرار دیا ہے۔