ایران کسی صورت جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا،ٹرمپ کا دوٹوک اعلان

ایران امریکا کی منظوری کے بغیر اپنے جوہری پروگرام سے متعلق کوئی قدم نہیں اٹھا رہا۔

November 6, 2026 · بام دنیا
ایران کسی صورت جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا،ٹرمپ کا دوٹوک اعلان

ایران کسی صورت جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا،ٹرمپ کا دوٹوک اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کی منظوری کے بغیر اپنے جوہری پروگرام سے متعلق کوئی قدم نہیں اٹھا رہا۔

وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ ایران کے خلاف کارروائی کو مزید آگے بڑھانا ہے یا معاملہ ختم کرنا ہے، اس حوالے سے آئندہ حکمت عملی جلد طے کر لی جائے گی۔

امریکی صدر نے وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتہائی شاندار کام کیا ہے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے ڈیموکریٹ گورنر بھی ان کی حکومت کی پالیسیوں کو جاری رکھیں گے۔ عوام کی ناراضی کے بعد تبدیلی ضرور آئے گی اور وہ آئندہ دو ہفتوں میں کئی نئے منصوبے سامنے لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ متعدد بڑی کمپنیاں امریکا میں اپنے کارخانے قائم کر رہی ہیں، کیونکہ ٹیرف سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ مصنوعات امریکا ہی میں تیار کی جائیں۔

ٹیکساس کی سرحدی سیکیورٹی سے متعلق سوال پر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ ریاست کی نئی ڈیموکریٹ گورنر میکسیکو کی سرحد پر سیکیورٹی کے موجودہ اقدامات برقرار رکھیں گی۔

صحافی نے سوال کیا تھا کہ اگر نئی گورنر نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے سرحد پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا تو ان کا ردعمل کیا ہوگا؟ اس پر امریکی صدر نے کہا کہ انہیں امید ہے نئی گورنر سرحدی سیکیورٹی کی پالیسی جاری رکھیں گی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ شہریوں کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کے دور میں سرحد کی صورتحال انتہائی خراب تھی، جبکہ اب حالات بہتر ہو چکے ہیں۔