امریکی مڈٹرم انتخابات: ڈیموکریٹس کی جیت کے بعد ٹیک کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیو میں بڑی کمی
اسٹاک مارکیٹس سے 25 کھرب ڈالرز کم،مصنوعی ذہانت کی ترقی سست ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا
امریکی مڈٹرم انتخابات: ڈیموکریٹس کی جیت کے بعد ٹیک کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیو میں بڑی کمی
امریکا: امریکی مڈٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کے بعد آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی ترقی سست پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، جبکہ انتخابی نتائج کے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹس میں مندی اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص کی تیزی سے فروخت کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔
امریکا، یورپ اور ایشیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیو میں نمایاں کمی ہوئی ہے، جبکہ اسٹاک مارکیٹس سے مجموعی طور پر 25 کھرب ڈالرز کی مالیت کم ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کئی ڈیموکریٹک امیدواروں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران اعلان کیا تھا کہ کامیابی کی صورت میں وہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی ترقی کی رفتار کم کریں گے، جس کے بعد ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور اے آئی کے مستقبل سے متعلق خدشات پیدا ہوئے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹاک مارکیٹ میں گراوٹ کو بدترین دنوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ اس لیے گری کیونکہ منگل کو ڈیموکریٹس جیتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس گراوٹ پر افسوس ہوا، لیکن اس کے ذمہ دار آپ خود ہیں۔
اسٹاک مارکیٹس میں مندی کے دوران امریکی اسٹاک انڈیکس نیسڈیک میں 5.5 فیصد، ایس اینڈ پی میں 4.25 فیصد اور ڈاؤ جونز میں تقریباً 3.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب ایشیائی مارکیٹس میں بھی شدید مندی دیکھی گئی، جہاں جاپان کا نکی انڈیکس 6.2 فیصد جبکہ جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس 9 فیصد گر گیا۔