پاکپتن میں وین، آئل ٹینکر اور بس میں خوفناک تصادم، 6 افراد جاں بحق
ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا
فائل فوٹو
پاکپتن: پاکپتن کے نواحی علاقے محمد نگر میں مسافر وین، بس اور آئل ٹینکر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ متعدد مسافر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس قدر شدید تھا کہ گاڑیوں کو بری طرح نقصان پہنچا اور کئی مسافر گاڑیوں میں پھنس گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور مقامی پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب، ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال عارف والا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور تمام ڈاکٹرز و طبی عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔