پاکستانی گیمر عاطف بٹ نے تھائی لینڈ میں ٹیکن 8 چیمپئن شپ جیت لی
بنکاک میں تھائیگر اپر کٹ 2026 کے فائنل میں کامیابی، عاطف بٹ نے دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا
پاکستانی گیمر عاطف بٹ نے تھائی لینڈ میں ٹیکن 8 چیمپئن شپ جیت لی
پاکستانی گیمر عاطف بٹ نے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ہونے والا ٹیکن 8 ٹورنامنٹ جیت کر ملک کا نام روشن کردیا اور 2 ہزار 966 ڈالر کی انعامی رقم بھی حاصل کرلی۔
عاطف بٹ نے اتوار کو بنکاک میں منعقدہ ٹورنامنٹ ’’تھائیگر اپر کٹ 2026‘‘ کے فائنل میں ٹیم فالکنز کی نمائندگی کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور ٹیکن 8 کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ہونے والا یہ ٹورنامنٹ فائٹنگ گیمز کے مقبول مقابلوں میں شمار ہوتا ہے۔ رواں سال یہ 2026 کے ٹیکن ورلڈ ٹور سیزن کا آخری ماسٹر ایونٹ بھی تھا، جس میں دنیا بھر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
عاطف بٹ نے دوسری مرتبہ تھائیگر اپر کٹ کا ٹائٹل جیتا ہے۔ اس سے قبل وہ 2023 میں ٹیکن 7 کے چیمپئن بھی بنے تھے، جہاں انہوں نے فائنل میں جنوبی کوریا کے کھلاڑی لو ہائی کو 2-3 سے شکست دی تھی۔
عاطف بٹ کے لیے 2026 بھی کامیاب سال ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے اسی سال کمیونٹی ایفورٹ اورلینڈو (سی ای او) ٹورنامنٹ میں بھی ٹیکن 8 کا ٹائٹل جیتا تھا، جہاں فائنل میں امریکی کھلاڑی جو کرش کو شکست دے کر 6 ہزار 920 ڈالر کی انعامی رقم حاصل کی تھی۔
وہ 2025 میں بھی سی ای او چیمپئن بنے تھے، جبکہ ان کے نمایاں اعزازات میں 2022 کا ٹیکن ورلڈ ٹور فائنلز اور 2019 کا ٹوکیو ٹیکن ماسٹرز ٹائٹل بھی شامل ہیں۔