اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون مزید مستحکم بنانے پر اتفاق
ای سی او وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر علاقائی صورتحال،سفارت کاری اور باہمی روابط پر تبادلہ خیال
اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون مزید مستحکم بنانے پر اتفاق
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ایران کے مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کے مسلسل روابط کے ذریعے دوطرفہ تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو مبارک باد دی اور اجلاس کے دوران نتیجہ خیز مشاورت، پرتپاک مہمان نوازی اور بہترین انتظامات کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون اور روابط کے فروغ سمیت ای سی او کی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ مسائل کے حل، کشیدگی میں کمی اور پائیدار امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابل عمل راستہ ہیں۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے مسلسل رابطوں اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی روابط اور باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔