جیفری ایپسٹین کی موت خودکشی نہیں قتل تھی،فرانزک ماہر کا دعویٰ

ایپسٹین کی گردن اور جسم پر موجود نشانات اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ انہیں گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا اور ممکنہ طور پر حملہ پیچھے سے کیا گیا تھا۔مائیکل فری

November 17, 2026 · بام دنیا
جیفری ایپسٹین کی موت خودکشی نہیں قتل تھی،فرانزک ماہر کا دعویٰ

جیفری ایپسٹین کی موت خودکشی نہیں قتل تھی،فرانزک ماہر کا دعویٰ

جنسی جرائم میں سزا یافتہ امریکی شہری جیفری ایپسٹین کی 2019 میں جیل کے اندر موت کے حوالے سے ایک بار پھر سوالات اٹھ گئے ہیں۔ فرانزک امور کے ماہر پروفیسر مائیکل فری مین نے دعویٰ کیا ہے کہ ایپسٹین کی موت خودکشی نہیں بلکہ قتل کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔

بی بی سی کے پروگرام ’نیوز نائٹ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے مائیکل فری مین نے بتایا کہ انہوں نے نیویارک کے طبی معائنہ کار کی پوسٹ مارٹم فائل اور تصاویر کا جائزہ لیا ہے۔ ان کے مطابق ایپسٹین کی گردن اور جسم پر موجود نشانات اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ انہیں گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا اور ممکنہ طور پر حملہ پیچھے سے کیا گیا تھا۔

فرانزک ماہر کے مطابق ایپسٹین کے بائیں کندھے پر اندرونی خون بہنے کے آثار اور چہرے پر چوٹوں جیسے نشانات بھی موجود تھے۔ انہوں نے گردن پر رسی کے نشان کے اوپر ناخنوں کے نشانات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی شخص کی جانب سے گلا گھونٹنے والی چیز ہٹانے کی کوشش سے مطابقت رکھتے ہیں۔

مائیکل فری مین کا کہنا ہے کہ جسم پر موجود زخم اور لاش ملنے کی صورتحال ایک دوسرے سے مطابقت نہیں رکھتے۔ تاہم انہوں نے ایپسٹین کی لاش کا خود معائنہ نہیں کیا بلکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تصاویر کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کی، جو انہیں ایپسٹین کے بھائی مارک نے فراہم کی تھیں۔

دوسری جانب 2019 میں پوسٹ مارٹم کرنے والے طبی معائنہ کار نے ایپسٹین کی موت کو خودکشی قرار دیا تھا۔ ان کے مطابق جسم پر موجود زخم پھانسی کے ذریعے خودکشی سے زیادہ مطابقت رکھتے تھے اور قتل کی صورت میں متوقع دفاعی زخموں کے شواہد نہیں ملے تھے۔

ایپسٹین 10 اگست 2019 کو نیویارک کی جیل میں مردہ پائے گئے تھے۔ وہ اس وقت جنسی مقاصد کے لیے انسانی اسمگلنگ کے الزامات پر مقدمے کا انتظار کر رہے تھے۔ امریکی محکمہ انصاف کی تحقیقات کے مطابق انہیں موت سے تقریباً ایک ماہ قبل مختصر مدت کے لیے خودکشی کی نگرانی میں بھی رکھا گیا تھا۔

مائیکل فری مین نے جیل میں لاش ملنے کے بعد اسے نیچے اتارنے سے پہلے تصاویر نہ بنائے جانے پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ ان کی تحقیق ابھی دیگر ماہرین کے آزادانہ جائزے سے نہیں گزری، جبکہ نیویارک کے طبی معائنہ کار نے خودکشی سے متعلق اپنے سابقہ فیصلے کا دفاع کیا ہے۔