وفاقی آئینی عدالت نے سندھ اور خیبرپختونخوا میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس غیر آئینی قرار دے دیا
سیس کے باعث مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان کی پیداواری لاگت میں بھاری اضافہ ہو رہا تھا
وفاقی آئینی عدالت نے سندھ اور خیبرپختونخوا میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس غیر آئینی قرار دے دیا
وفاقی آئینی عدالت نے سندھ اور خیبرپختونخوا کی جانب سے عائد کردہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کو غیر آئینی قرار دے دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق آئینی عدالت نے دونوں صوبوں میں سیس عائد کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ سیس عائد کرنا صوبوں کے آئینی اختیار سے باہر ہے۔
سیس کے خلاف پہلے دائر درخواستوں پر سندھ اور پشاور ہائی کورٹس نے اسے برقرار رکھا تھا، تاہم وفاقی آئینی عدالت نے آج اس معاملے کا حتمی فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے صوبائی حکومتوں کی جانب سے سیس نافذ کرنے کے عمل کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیس عائد کرنا وفاقی حکومت کا اختیار ہے، صوبوں کا نہیں۔ عدالت کی جانب سے تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سیس ایک خصوصی محصول ہے جو صوبے اپنی حدود سے گزرنے والے درآمدی اور برآمدی سامان پر وصول کر رہے تھے۔ صوبائی حکومتیں اسے سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی دیکھ بھال کے لیے محصول قرار دیتی تھیں۔
اس سیس کی وجہ سے مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان کی پیداواری لاگت میں بھاری اضافہ ہو رہا تھا۔