دنیا بھر کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کا خفیہ ڈیٹا چوری اور فروخت کرنے والا پاکستانی گرفتار

این سی سی آئی اے کراچی کی کارروائی، بین الاقوامی ایجنسی تین سال سے ملزم کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھی

November 19, 2026 · قومی

دنیا بھر کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کا خفیہ ڈیٹا چوری اور فروخت کرنے والا پاکستانی گرفتار

کراچی: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے دنیا بھر کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کا خفیہ ڈیٹا چوری کرکے ڈارک ویب پر فروخت کرنے والے پاکستانی نوجوان کو گرفتار کرلیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق این سی سی آئی اے کراچی نے ایک بین الاقوامی ایجنسی کی اطلاع پر سخت نگرانی کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو منظور کالونی کے قریب سے گرفتار کیا۔ متعلقہ بین الاقوامی ایجنسی 2023 سے ملزم کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھی۔

حکام کے مطابق ملزم مختلف ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے اہلکاروں کی اصل شناخت، کوڈ نام اور خفیہ معلومات ڈارک ویب کے ذریعے فروخت کر رہا تھا۔

این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم ٹیلی گرام پر گوتھم کے نام سے اکاؤنٹ چلا رہا تھا اور ڈارک ویب سے حاصل کردہ ڈیٹا مختلف ذرائع کو فروخت کرتا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم فوڈ ڈیلیوری کا کام بھی کرتا تھا، اس کی شناخت آئی پی ایڈریسز کی مدد سے کی گئی، جبکہ اس کے جسم پر موجود مختلف ٹیٹوز اور سائبر جرائم سے متعلق دیگر تفصیلات بھی تحقیقات کا حصہ ہیں۔

حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے بین الاقوامی ایجنسی گزشتہ تین سال سے کوششیں کر رہی تھی۔