ریفرنڈم تو ہو گا ، وقت طے کرنا باقی ہے ، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کا اعلان
سیاسی و انتظامی معاملات کو عوامی بیان بازی کے بجائے بند کمرے میں بیٹھ کر افہام و تفہیم سے حل کیا جانا چاہیے ، نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو
فائل فوٹو
اسلام آباد: وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ ریفرنڈم بہرحال ہوگا، تاہم اس کے انعقاد کا وقت طے کرنا ابھی باقی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے میں وفاقی وزیر نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو چاہیے تھا کہ وہ عوامی سطح پر مخالفت کرنے کے بجائے پہلے وزیر اعظم سے رابطہ کرتے۔
انھوں نے کہاکہ صدر مملکت اور وزیراعظم کی ملاقات کےبعد مثبت پیشرفت کی اُمید ہے،اُمید ہے ملک کے مفاد میں بہتر فیصلہ سامنے آئے گا۔
انھوں نے کہاکہ اتحادی جماعتوں سے بات چیت ہوتی رہتی ہے، پیپلز پارٹی کو اتحاد سے جانے نہیں دیں گے ،پاکستان پیپلز پارٹی کو سندھ کی تقسیم پر تحفظات اور مسئلہ ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ کسی رہنما کے بیان سے آئین میں درج ریفرنڈم کا آپشن غیر آئینی نہیں ہو جاتا،پاکستان کے عوام ملک کے بارے میں غلط فیصلہ نہیں کریں گے، عوامی رائے سامنے آنے کے بعد اس پر عملدرآمد کا طریق کار طے کیا جا سکتا ہے۔
نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر کوئی نئے صوبوں کے حق میں یا مخالفت میں رائے دیتا ہے تو یہ اس کا جمہوری حق ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) نے صوبوں کی تشکیل سے متعلق کوئی باضابطہ بیان میڈیا کو نہیں دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی و انتظامی معاملات کو عوامی بیان بازی کے بجائے بند کمرے میں بیٹھ کر افہام و تفہیم سے حل کیا جانا چاہیے۔