مصدق ملک کا دو ٹوک مؤقف؛ مکالمے کی آڑ میں بھارتی بیانیے کا فریب بے نقاب

یک رنگی یا مصنوعی یکسانیت کے ماحول میں صرف یک طرفہ صدا یعنی "مونولوگ" گونجتی ہے ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری

November 20, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

نئی دہلی: پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری سینیٹر مصدق مسعود ملک 20 نومبر 2026ء کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تہذیبی مکالمہ فورم (20 تا 22 نومبر) میں پاکستانی وفد کی قیادت کرنے کے لیے نئی دہلی پہنچے۔

فورم کے موقع پر وہاں موجود ایک بھارتی صحافی کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات اور مشترکہ تہذیبی روابط کی آڑ میں مکالمے کا جال بُننے کی کوشش پر وفاقی وزیر مصدق ملک نے انتہائی مدلل اور دو ٹوک جواب دیتے ہوئے ایک ہی فکری ضرب سے بھارتی بیانیے کا فریب بے نقاب کر دیا۔

مصدق ملک نے واضح کیا کہ حقیقی مکالمہ ہمیشہ دو الگ اور ممتاز شناختوں کے درمیان ہوتا ہے، جبکہ یک رنگی یا مصنوعی یکسانیت کے ماحول میں صرف یک طرفہ صدا یعنی “مونولوگ” گونجتی ہے، جہاں بامعنی مکالمے کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہتی۔ ان کی اس ٹھوس منطق سے یہ حقیقت مزید نکھر کر سامنے آئی کہ پاکستان اور بھارت دو جداگانہ، مستقل اور خودمختار تہذیبی و قومی شناختیں ہیں، جس نے عالمی فورم پر ایک بار پھر دوقومی نظریے کی حقانیت پر مہر ثبت کر دی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق جب دو الگ قوموں اور جداگانہ تہذیبی شناختوں کی حقیقت کو تسلیم کر لیا جائے تو بھارت کا نام نہاد “اکھنڈ بھارت” اور ہندوتوا بالادستی کا توسیع پسندانہ بیانیہ خودبخود بے نقاب اور کمزور پڑ جاتا ہے۔ درحقیقت یہ بھارتی بیانیہ کسی مشترکہ تہذیبی یکسانیت کا نہیں بلکہ ایک خودمختار اور نظریاتی پاکستان کے مستحکم وجود سے پیدا ہونے والے خوف اور خطے پر غلبہ پانے کی خواہش کا عکاس ہے۔

تاریخ اور فکری حوالوں سے بھی یہی حقیقت ثابت ہوتی ہے کہ برصغیر میں الگ تشخص کا شعور کوئی نئی بات نہیں؛ انیسویں صدی میں سر سید احمد خان نے دو جداگانہ قوموں کے معاشرتی و تاریخی فرق کی واضح نشان دہی کی، جبکہ بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو مذہب، فلسفے، اقدار اور تاریخ کے لحاظ سے ایک مکمل اور مستقل قوم قرار دیا۔

معروف عالمی مؤرخ اسٹینلے وولپرٹ کا تجزیہ بھی اسی امر کی تائید کرتا ہے کہ قائداعظم کی بصیرت افروز قیادت نے برصغیر کی سیاست اور عالمی نقشے کو نئی سمت دے کر یہ ثابت کر دیا کہ یہ خطہ محض ایک یک رنگی اکائی نہیں تھا۔

دوسری جانب، خود خطے کے تجزیہ کاروں اور جنوبی ایشیائی مبصرین بشمول ادایان داس کا بھی ماننا ہے کہ “اکھنڈ بھارت” جیسے تصورات نہ صرف ہمسایہ ریاستوں کی خودمختاری کے لیے سنگین خدشات پیدا کرتے ہیں بلکہ بھارت کے اندرونی سیاسی بیانیے کو ہوا دینے کا محض ایک آلہ کار ہیں۔