بٹگرام میں اراضی کے تنازع پر خونریز تصادم، فائرنگ کے تبادلے میں 7 افراد جاں بحق اور 10 زخمی

پرانی دشمنی کی بنیاد پر تصادم، کوہستانی اور گیلال آلائی قبائل میں فائرنگ، پولیس نے علاقہ گھیرے میں لے لیا

November 21, 2026 · اہم خبریں
بٹگرام میں اراضی کے تنازع پر خونریز تصادم، فائرنگ کے تبادلے میں 7 افراد جاں بحق اور 10 زخمی

بٹگرام میں اراضی کے تنازع پر خونریز تصادم، فائرنگ کے تبادلے میں 7 افراد جاں بحق اور 10 زخمی

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام میں اراضی کی ملکیت کے دیرینہ تنازع پر دو حریف گروپوں کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا یہ ہلاکت خیز واقعہ رات کو ساڑھے 11 بجے پیش آیا، جہاں دونوں فریقین کے مابین تلخ کلامی کے بعد ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں کوہستانی قوم کے 3 جبکہ قوم گیلال آلائی کے 4 نوجوان شامل ہیں۔

ابتدائی اطلاعات اور پولیس رپورٹ کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان اراضی کی ملکیت کا تنازع کافی عرصے سے چلا آ رہا تھا، اور اس معاملے پر ماضی میں بھی دونوں گروہوں کے درمیان کشیدگی اور تصادم کے پُرتشدد واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔