حکومت کا عوام اور ائیرلائنز کے لیے بڑا ریلیف، جیٹ فیول، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل سستا
قیمتوں میں نمایاں کمی، نئے نرخوں کا اطلاق ہو گیا، صارفین کو فائدہ ملے گا
حکومت کا عوام اور ائیرلائنز کے لیے بڑا ریلیف، جیٹ فیول، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل سستا
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے طیاروں کے ایندھن (جیٹ فیول)، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کے نرخوں میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 21 نومبر سے کر دیا گیا ہے۔
پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جیٹ فیول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے 6 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد طیاروں کا یہ ایندھن 299 روپے 77 پیسے سے کم ہو کر 287 روپے 71 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 42 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کا نیا نرخ 273 روپے 22 پیسے ہو گیا ہے، جبکہ اس سے قبل یہ 283 روپے 64 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا تھا۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 11 روپے 44 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 231 روپے 72 پیسے سے کم ہو کر 220 روپے 28 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ تمامم نئی قیمتیں 21 نومبر سے ملک بھر میں نافذ العمل ہو چکی ہیں۔