بھارت سے مذاکرات کی بحالی کا دار و مدار نئی دہلی کے طرز عمل پر ہے، اسحاق ڈار

دوست ممالک سے روابط جاری، معاشی ترقی اولین ترجیح ہے، نائب وزیراعظم

November 21, 2026 · قومی
بھارت سے مذاکرات کی بحالی کا دار و مدار نئی دہلی کے طرز عمل پر ہے، اسحاق ڈار

بھارت سے مذاکرات کی بحالی کا دار و مدار نئی دہلی کے طرز عمل پر ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا مکمل دار و مدار نئی دہلی کے مثبت طرز عمل پر ہے۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک تفصیلی انٹرویو میں انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل یا تبدیل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان کی تقریباً 26 کروڑ آبادی کی زراعت اور غذائی تحفظ کا انحصار پانی پر ہے، اس لیے پاکستان اپنے آبی حقوق پر کسی قسم کی مصلحت سے کام نہیں لے گا۔

امریکہ اور ایران کے مابین کشیدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے بتایا کہ تنازع کا حل نکالنے کے لیے سفارتی کوششیں کی گئیں اور جنگ کے پہلے روز ہی ایران کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کے حصول کے لیے پرعزم ہے اور کثیرالجہتی سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلاک سیاست اور یکطرفہ اقدامات مسائل کا حل نہیں ہیں، اور موجودہ حالات میں ایک نئے سکیورٹی فریم ورک کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔

معاشی امور پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بیک وقت امریکہ اور چین کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور دونوں شراکت داریاں ایک دوسرے سے متصادم نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے جس کے تحت ٹیکنالوجی، زراعت اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے ملکی معیشت کی بہتری کے لیے پالیسیوں کے تسلسل اور سیاسی استحکام کو ناگزیر قرار دیا۔

افغانستان سے متعلق امور پر بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغانستان ایک مستحکم اور خوشحال ملک بنے، تاہم افغان سرزمین کو پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہرگز نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 1 لاکھ سے زائد انسانی جانوں اور تقریباً 150 ارب ڈالر کا معاشی نقصان اٹھا چکا ہے، اس لیے اب زبانی یقین دہانیوں کے بجائے قابلِ تصدیق عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔