ایران کے خلاف طویل جنگی تعیناتی امریکی دفاعی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے، سینٹکام کی وارننگ

اہم رپورٹ، ٹرمپ انتظامیہ کو خبردار کر دیا، فوجی وسائل پر دباؤ بڑھے گاـ

November 21, 2026 · بام دنیا
ایران کے خلاف طویل جنگی تعیناتی امریکی دفاعی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے، سینٹکام کی وارننگ

ایران کے خلاف طویل جنگی تعیناتی امریکی دفاعی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے، سینٹکام کی وارننگ

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی سینٹرل کمانڈ یعنی سینٹکام نے ٹرمپ انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی تعیناتی طویل ہونے کی صورت میں امریکی افواج کی جنگی تیاری اور دیگر عالمی محاذوں پر کارروائی کرنے کی صلاحیت بری طرح متاثر ہوسکتی ہے۔ برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سینٹکام نے امریکی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں فوجی موجودگی اور بڑے پیمانے پر تعیناتی کو دسمبر کے بعد بھی برقرار رکھنے سے دفاعی وسائل اور تیاریوں پر دباؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ یہ فوجی تعیناتی تقریباً 1 سال سے جاری چلی آ رہی ہے۔

اخبار کی رپورٹ میں معاملے سے واقف 3 باخبر افراد کے حوالے سے بتایا گیا کہ امریکی فوجی منصوبہ سازوں کو شدید خدشہ ہے کہ مسلسل تعیناتی سے مالی وسائل اور مجموعی جنگی صلاحیت کو نقصان پہنچے گا، جس کے نتیجے میں امریکا کو دنیا کے دیگر حصوں میں درپیش ممکنہ خطرات سے نمٹنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ امریکی حکام کو یہ بھی اندیشہ ہے کہ آئندہ آنے والی ڈیموکریٹک قیادت والی کانگریس دفاعی اخراجات میں کمی اور بیرونِ ملک فوجی کارروائیوں پر نگرانی مزید سخت کر سکتی ہے۔

دستاویزات اور رپورٹس کے مطابق اس تمام صورت حال کی وجہ سے ایران کے خلاف فوجی مہم جاری رکھنے کے لیے درکار وسائل اور انتظامی حمایت کو شدید چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق اسرائیلی حکام صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر مسلسل زور دے رہے ہیں کہ وہ نئے سال سے پہلے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کا آغاز کریں۔ رپورٹ میں بعض امریکی حکام کی جانب سے بھی حملوں کی بحالی کی حمایت کیے جانے کا ذکر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایک امریکی فوجی عہدیدار نے سینٹکام سے متعلق اس میڈیا رپورٹ کی سختی سے تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کمانڈ نے انتظامیہ کو ایسا کوئی پیغام نہیں دیا کہ حملوں کے لیے وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے یا نئے سال سے پہلے کارروائی نہ ہونے کی صورت میں امریکی افواج حد سے زیادہ دباؤ کا شکار ہوجائیں گی۔ رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف دوبارہ حملوں کے معاملے پر تحال کسی فوری فیصلے کا کوئی عندیہ نہیں دیا ہے۔ اس طرح امریکی انتظامیہ کو بیک وقت ایک طرف ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے شدید مطالبات اور دوسری جانب طویل تعیناتی سے جنم لینے والے ممکنہ فوجی و مالی دباؤ کا دوطرفہ سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاحال وائٹ ہاؤس یا سینٹکام کی جانب سے اس رپورٹ میں بیان کردہ ان تمام خدشات کی تفصیلات پر کوئی باضابطہ تفصیلی وضاحت سامنے نہیں آسکی ہے۔