اکشے کمار کے نام سے جعلی بھارتی پاسپورٹ پر فرانس جانے کی کوشش ناکام،کراچی ایئرپورٹ سے مسافر گرفتار

 دوحہ امیگریشن حکام نے مشکوک سفری دستاویزات پر مسافر کو روک کر واپس بھیج دیا

November 21, 2026 · قومی

اکشے کمار کے نام سے جعلی بھارتی پاسپورٹ پر فرانس جانے کی کوشش ناکام،کراچی ایئرپورٹ سے مسافر گرفتار

بھارتی جعلی پاسپورٹ پر اکشے کمار کے نام سے شینگن ویزا استعمال کرکے فرانس جانے کی کوشش کرنے والا شہری کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر دوحہ سے پاکستانی پاسپورٹ پر معمول کے مطابق کراچی پہنچا، جہاں امیگریشن حکام نے مشکوک پہلوؤں کی نشاندہی پر اسے مزید پوچھ گچھ اور تفصیلی جانچ کے لیے روک لیا۔

دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ مسافر 16 نومبر 2026 کو عمرہ ویزے پر اسلام آباد سے سعودی عرب روانہ ہوا تھا، تاہم اس نے عمرہ ادا کرنے کے بجائے چند روز اپنے رشتہ دار کے پاس قیام کیا۔

مسافر کے بیان کے مطابق دوحہ پہنچنے پر ایک نامعلوم شخص نے واٹس ایپ کے ذریعے اس سے رابطہ کیا اور اسے ایک بھارتی پاسپورٹ فراہم کیا، جس پر مسافر کی اپنی تصویر اور اکشے کمار کے نام سے شینگن ویزا درج تھا۔

مسافر نے مذکورہ بھارتی پاسپورٹ پر فرانس جانے کی کوشش کی، تاہم دوحہ امیگریشن حکام نے اسے روک کر داخلے کی اجازت نہیں دی۔ حکام نے پاسپورٹ اپنی تحویل میں لے کر مسافر کو واپس کراچی بھیج دیا، جہاں اسے گرفتار کرلیا گیا۔