بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کا ننکانہ صاحب میں آغاز
سکھ یاتریوں کے لیے رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ اور طبی سہولیات سمیت خصوصی انتظامات مکمل
بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کا ننکانہ صاحب میں آغاز
بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کا آج سے ننکانہ صاحب میں باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے، اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق سکھ یاتریوں کی سہولت، مہمان نوازی اور سکیورٹی کے لیے جامع انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکاروں کی ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں، جبکہ تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
سکھ یاتریوں کے لیے رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ، میڈیکل اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ گوردواروں اور تقریبات کے مقامات پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ یاتری بلاخوف و خطر اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی، عزت و احترام اور بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے مطابق پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مکمل آزادی اور احترام حاصل ہے۔ پاکستانی قوم سکھ برادری سے محبت اور بھائی چارے کا رشتہ رکھتی ہے۔
ترجمان کے مطابق بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتری پاکستان سے محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام لے کر واپس جائیں گے۔