عالمی منڈی میں شدید مندی، بٹ کوائن کی قیمت 55 ہزار 830 ڈالر پر آگئی
ٹیکنالوجی اسٹاکس میں نمایاں کمی، سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل ہوگیا۔
بٹ کوائن کی قیمتوں میں گراوٹ اور عالمی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا منظر
عالمی مالیاتی منڈیوں میں مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری اور اس کی قدر سے متعلق بڑھتے ہوئے خدشات کے باعث دنیا کی سب سے بڑی کرپٹو کرنسی بٹ کوائن شدید دباؤ کا شکار ہو گئی ہے، جس کی قیمت میں 5.10 فیصد کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق تازہ گراوٹ کے بعد بٹ کوائن کی قیمت کم ہو کر 55 ہزار 830 ڈالر کی سطح پر آ گئی ہے۔ اس سے قبل کاروباری سیشن کے دوران بٹ کوائن 3.57 فیصد کمی کے ساتھ 56 ہزار 813 ڈالر پر ٹریڈ کر رہا تھا، جبکہ جمعے کے روز جولائی کے بعد پہلی بار یہ 60 ہزار ڈالر کی نفسیاتی حد سے بھی نیچے گر گیا تھا۔ معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی اسٹاکس اور مصنوعی ذہانت پر ہونے والے اخراجات کے حوالے سے سرمایہ کاروں کی بے چینی نے دیگر رسک ایسٹس سمیت کرپٹو مارکیٹ کو بھی شدید لپیٹ میں لے لیا ہے۔
دوسری جانب امریکی اسٹاک مارکیٹ میں بھی شدید مندی ریکارڈ کی گئی اور کاروبار کے اختتام پر تینوں بڑے انڈیکس نمایاں کمی کے ساتھ بند ہوئے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق نیس ڈیک انڈیکس میں 5.28 فیصد کمی دیکھی گئی، جس کے بعد انڈیکس 22 ہزار 617 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح ایس اینڈ پی 500 انڈیکس 3.7 فیصد کمی کے بعد 6 ہزار 910 پوائنٹس پر آ گیا جبکہ ڈاؤ جونز انڈیکس میں 1.93 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 48 ہزار 147 پوائنٹس پر بند ہوا۔ معاشی ماہرین کے مطابق مصنوعی ذہانت پر بڑھتے ہوئے اخراجات امریکی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کی بڑی وجہ بنے جبکہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کی آمدن میں کمی کے خدشات نے بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو شدید متاثر کیا ہے۔