شیخوپورہ میں مبینہ طور پر نوڈلز کھانے سے 2 سگی بہنیں جاں بحق
پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا، میڈیکل رپورٹ کے ذریعے اصل وجہ سامنے آئے گی
شیخوپورہ میں مبینہ طور پر نوڈلز کھانے سے 2 سگی بہنیں جاں بحق
لاہور: شاہدرہ اور فیروزوالا کے علاقے میں مبینہ طور پر نوڈلز کھانے سے دو کمسن بہنیں جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ان کی تیسری بہن کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے فیروزوالا کی رہائشی تین بہنوں نے گزشتہ روز مقامی فیکٹری میں تیار کیے گئے نوڈلز کھائے تھے، جس کے بعد تینوں کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ متاثرہ بچیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ورثا کے مطابق نوڈلز کھانے کے بعد تینوں بچیوں کی حالت بگڑی۔ جاں بحق ہونے والی بچیوں کی شناخت 4 سالہ جنت اور 6 سالہ ماہین کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ان کی 11 سالہ بہن ایشال فاطمہ میو اسپتال میں زیرِ علاج ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق تینوں بچیوں کو گزشتہ رات انتہائی تشویشناک حالت میں میو اسپتال لایا گیا تھا، تاہم حالت زیادہ خراب ہونے کے باعث دو بچیاں جانبر نہ ہو سکیں۔
والدین نے نوڈلز کھانے کو بچیوں کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ قرار دیا ہے، تاہم واقعے کی اصل وجہ کی تصدیق طبی تحقیقات سے ہونا باقی ہے۔ اصل حقائق میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد واضح ہوں گے۔
پولیس اور دیگر متعلقہ محکمے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔