کیپٹن (ر) صفدر کا میاں داؤد ایڈووکیٹ کو ہتک عزت کا لیگل نوٹس

سوشل میڈیا پر مبینہ تضحیک آمیز بیانات، معافی یا 10 ارب روپے ہرجانے کا مطالبہ

November 21, 2026 · قومی

کیپٹن (ر) صفدر کا میاں داؤد ایڈووکیٹ کو ہتک عزت کا لیگل نوٹس

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان نے معروف قانون دان میاں داؤد ایڈووکیٹ کو ہتک عزت کا لیگل نوٹس بھجوا دیا۔

کیپٹن صفدر کے لیگل نوٹس کے مطابق انہیں میاں داؤد ایڈووکیٹ کی تضحیک آمیز گفتگو کا علم 14 نومبر کو ہوا۔ ان کا کہنا ہے کہ احسن بھون ایڈووکیٹ کی وکالت کی ڈگری سے متعلق تنازع مختلف فورمز پر زیر التوا تھا، تاہم میاں داؤد نے تھرڈ پارٹی کی حیثیت سے احسن بھون کی جگہ ان کے الزامات کا جواب دیا۔

لیگل نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ میاں داؤد ایڈووکیٹ نے تین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کے بارے میں ہتک آمیز گفتگو کی اور انہیں بھونکنے والا کتا قرار دیا۔

کیپٹن صفدر کے مطابق میاں داؤد ایڈووکیٹ نے ویڈیوز میں انہیں زنا بالرضا کا ملزم قرار دے کر تضحیک کی، گھر داماد نما نوکر کہا اور ان کی شادی کی ساکھ پر سوالات اٹھائے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان نے میاں داؤد ایڈووکیٹ سے عوامی سطح پر معافی مانگنے یا 10 ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔