اسرائیلی پارلیمنٹ میں نیتن یاہو کو بڑا دھچکا، اپوزیشن نے نیا اسپیکر منتخب کرا لیا

سیاسی گرفت کمزور، اپوزیشن کو 66 ووٹ ملے، قانون سازی پر کنٹرول مضبوط ہوگیا

November 22, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
اسرائیلی پارلیمنٹ میں نیتن یاہو کو بڑا دھچکا، اپوزیشن نے نیا اسپیکر منتخب کرا لیا

اسرائیلی پارلیمنٹ میں نیتن یاہو کو بڑا دھچکا، اپوزیشن نے نیا اسپیکر منتخب کرا لیا

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی پارلیمنٹ میں سیاسی گرفت مزید کمزور ہو گئی ہے جہاں اپوزیشن نے اکثریت کی حمایت سے نیا اسپیکر منتخب کرا لیا ہے، جس کے بعد قانون سازی کے معاملات پر بھی اپوزیشن کا کنٹرول بڑھ گیا ہے۔ اسرائیلی پارلیمنٹ یعنی کنیسٹ نے گادی آئزن کوٹ کی جماعت یاشار کے متان کہانا کو نیا اسپیکر منتخب کر لیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق متان کہانا کو 66 ارکان کی حمایت حاصل ہوئی، جبکہ نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ کے امیدوار اوفیر کاٹز کو الگ ووٹنگ میں 52 ووٹ ملے۔ متان کہانا نے نیتن یاہو کی جماعت کے امیر اوہانا کی جگہ لی ہے۔ یہ پیش رفت 27 اکتوبر کے انتخابات میں نیتن یاہو کے پارلیمانی اکثریت کھونے کے بعد اپوزیشن کا پہلا بڑا سیاسی اقدام ہے۔

120 رکنی پارلیمنٹ میں نیتن یاہو کے دائیں بازو اور مذہبی جماعتوں پر مشتمل اتحاد کو صرف 53 نشستیں حاصل ہیں، جبکہ اپوزیشن کے پاس 67 نشستیں ہیں۔ اپوزیشن رہنما گادی آئزن کوٹ کو صدر اسحاق ہرزوگ نے نئی حکومت تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ اگرچہ نئی حکومت بنانے کے لیے انہیں سیاسی مشکلات کا سامنا ہے، تاہم اسپیکر اور اہم پارلیمانی کمیٹیوں کے عہدے حاصل کرنے کے بعد اپوزیشن نے قانون سازی کے ایجنڈے پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔

اپوزیشن نے نیتن یاہو کی سابقہ حکومت کی عدالتی اصلاحات ختم کرنے، اٹارنی جنرل کے اختیارات محدود کرنے والے قوانین واپس لینے اور میڈیا کے شعبے میں حکومتی کنٹرول بڑھانے والی قانون سازی منسوخ کرنے کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے سے متعلق سکیورٹی ناکامیوں کی تحقیقات کے لیے سرکاری کمیشن بنانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

دوسری جانب نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ نے نئے اسپیکر کے انتخاب پر تنقید کرتے ہوئے اسے کنیسٹ کی تاریخ کا ایک افسوسناک واقعہ قرار دیا اور الزام لگایا کہ متان کہانا کو دہشت گردوں کے حامی ارکان کی حمایت سے منتخب کرایا گیا ہے۔