شدید دھند کے باعث موٹرویز کے متعدد حصے بند
سفر میں احتیاطی تدابیر، موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی، ترجمان کے مطابق شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
شدید دھند کے باعث موٹرویز کے متعدد حصے بند، مسافر کا گمشدہ سامان بحفاظت حوالے
ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی کو محفوظ بنانے کے لیے موٹرویز کے اہم حصوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم 2 لاہور سے ہرن مینار تک، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 اور موٹروے ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ تک بند کی گئی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ موٹروے ایم 4 فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ہر قسم کی ٹریفک جبکہ فیصل آباد سے عبدالحکیم تک ہیوی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ موٹرویز کی یہ بندش عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عمل میں لائی گئی ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھند کے اس موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دیں۔ محفوظ سفر کے لیے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات موزوں قرار دیے گئے ہیں۔ ڈرائیورز کو تاکید کی گئی ہے کہ دوران سفر رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، اور لین کی سختی سے پابندی کریں۔ ترجمان کے مطابق دھند کے دوران غیر ضروری اوورٹیکنگ اور اچانک بریک لگانے سے گریز کیا جائے جبکہ فوگ لائٹس کے ساتھ گاڑی کی ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور وائپرز کو بھی درست حالت میں رکھا جائے۔
دوسری جانب موٹروے پولیس نے اپنی روایتی ایمانداری اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور نمایاں کارروائی انجام دی ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق بہاولنگر سے ساہیوال جانے والا ایک مسافر اپنا قیمتی بیگ بس میں ہی بھول گیا تھا، جس میں ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی اور تقریباً 70 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون سمیت کل 2 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کا سامان موجود تھا۔ مسافر کی جانب سے ہیلپ لائن پر اطلاع دیے جانے پر پولیس نے فوری کارروائی کی اور متعلقہ بس کا سراغ لگا کر تمام سامان بحفاظت اصل مالک کے حوالے کر دیا۔ موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ مسافروں کے تحفظ اور عوام کی امانتوں کی حفاظت ان کے فرائض منصبی میں سرفہرست ہے۔