پاکستانی خلاباز کے لیے چین کے خلائی اسٹیشن پر روایتی پکوانوں کاانتظام
خصوصی مشن روانہ، 100 سے زائد حلال کھانے شامل، خلا نورد ایک ہفتہ قیام کریں گے۔
چین کے خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلا باز ذیشان علی کے لیے تیار کردہ روایتی کھانوں کا منظر
چین کے خلائی اسٹیشن پر پاکستانی ذائقوں کی مہک بھی پہنچ گئی ہے جہاں شینژو 24 مشن کے ذریعے خلا کا سفر کرنے والے پاکستانی خلا باز ذیشان علی کے لیے 100 سے زائد اقسام کے خصوصی حلال کھانے تیار کیے گئے ہیں۔ ان کھانوں میں روایتی پاکستانی پکوان بھی شامل ہیں۔
دستیاب اطلاعات اور خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق، گزشتہ روز چین سے شینژو 24 مشن پر روانہ ہونے والے 3 خلا بازوں میں پاکستان کے ذیشان علی بھی شامل ہیں۔ اس خصوصی مینیو میں بیف نہاری، لیمب قورمہ، چنے اور چکن بٹر سمیت مختلف لذیذ اور روایتی پکوان شامل کیے گئے ہیں تاکہ خلائی سفر کے دوران ملکی ذائقوں سے استفادہ کیا جا سکے۔
خلائی اسٹیشن پر 6 افراد کے لیے ایک خصوصی ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جہاں پاکستانی اور چینی خلاباز باہم بیٹھ کر مقامی ذائقوں سے لطف اندوز ہوں گے۔ مشن کے ارکان خلا میں تقریباً 1 ہفتہ گزاریں گے اور اس دوران خلا میں مختلف سائنسی تجربات اور تکنیکی آزمائشیں انجام دیں گے۔