اسرائیلی پارلیمان میں7 اکتوبر حملے کی تحقیقات اور نیتن یاہو کی مدت اقتدار محدود کرنے کے بل منظور
اہم پیش رفت، عدالت نے کرپشن کیسز پر نظرثانی کی سفارش کر دی، قانونی مراحل ابھی باقی ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو پارلیمنٹ سے خطاب اور عدالتی پیشیوں کے دوران
اسرائیلی پارلیمان میں 7 اکتوبر کے حملے کی تحقیقات اور وزیراعظم کی مدت اقتدار محدود کرنے کے بلز ابتدائی طور پر منظور کر لیے گئے ہیں۔
نیتن یاہو کی شدید مخالفت کے باوجود یہ بل 65 کے مقابلے میں 50 ووٹوں سے منظور ہوا، تاہم قانون بننے کیلئے اسے مزید تین پارلیمانی مراحل سے گزرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کی مدت اقتدار محدود کرنے اور فوجداری الزامات کا سامنا کرنے والے سیاستدانوں کو حکومت بنانے سے روکنے کی تجویز بھی 65 کے مقابلے میں 48 ووٹوں سے منظور کی گئی۔ مجوزہ قانون کے تحت وزیراعظم کیلئے مسلسل 8 سالہ مدت کی حد مقرر کرنے اور اس کے بعد 8 سال تک حکومت سے باہر رہنے کی پابندی شامل ہے۔
ادھر یروشلم کی ضلعی عدالت نے نیتن یاہو کے خلاف برسوں سے جاری کرپشن مقدمات کی سماعت کے دوران اہم عدالتی ریلیف کی سفارش کی ہے۔ جج ریوکا فریڈمین فیلڈمین نے اٹارنی جنرل گالی بہاراو میارا کو ہدایت کی ہے کہ مقدمہ نمبر 4000 میں نیتن یاہو کو سزا ملنے کے کم امکانات کے پیش نظر استغاثہ رشوت کے الزامات واپس لینے پر غور کرے۔ اس مقدمے میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ وزیراعظم نے ٹیلی مواصلاتی کمپنی بیزک کے مالک شاؤل ایلووچ کو ایک ارب شیکل سے زائد مالیت کے سرکاری فوائد پہنچائے، جس کے بدلے میں اپنی ویب سائٹ پر مثبت خبریں شائع کرائی گئیں۔
دوسری جانب عدالت نے مقدمہ نمبر 2000 پر بھی شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واضح نہیں ہے کہ فرد جرم میں بیان کردہ اقدامات واقعی کوئی مجرمانہ فعل بنتے ہیں یا نہیں۔ اس مقدمے میں الزام تھا کہ نیتن یاہو نے ایک اخبار سے سازگار کوریج کے بدلے اس کے حریف اخبار کی اشاعت کو محدود کرنے کی کوشش کی۔ تیسرے مقدمے نمبر 1000 میں بیرون ملک کاروباری شخصیات سے مہنگے تحائف، سگار اور شیمپین وصول کرنے کے بدلے مبینہ سرکاری رعایتیں دینے کا الزام ہے، جسے عدالت نے کسی مناسب قانونی سمجھوتے کے ذریعے نمٹانے کی تجویز دی۔