مصر کی شاہراہ پر آئل ٹینکر میں آتشزدگی سے 31 افراد جاں بحق
خوفناک حادثہ، متعدد گاڑیاں جل گئیں، وزیراعظم پاکستان کا اظہار افسوس۔
مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے قریب رنگ روڈ پر آئل ٹینکر میں آتشزدگی کا منظر
مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے نواحی علاقے گیزہ کے ضلع الوراق میں رنگ روڈ پر پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والے ایک آئل ٹینکر کو حادثہ پیش آگیا، جس کے نتیجے میں بھڑک اٹھنے والی آگ سے کم از کم 31 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوگئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق یہ حادثہ ٹینکر کے الٹنے کے باعث پیش آیا، جس کے بعد آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ اس نے فوری طور پر قریبی گزرنے والی دیگر گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق آتشزدگی کے اس دلخراش واقعے میں کم از کم 27 گاڑیاں، جن میں کاریں اور موٹر سائیکلیں شامل تھیں، مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ متعدد گاڑیوں میں سوار افراد کو باہر نکلنے کا موقع بھی نہیں مل سکا۔ مصری وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں کے لیے 39 ایمبولینسیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں اور تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ مصری حکام نے واقعے کی باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ حادثے میں بری طرح جھلس جانے والی اور ناقابل شناخت لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قاہرہ میں ٹینکر میں لگنے والی تباہ کن آگ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے المناک نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہاکہ I am deeply grieved by the tragic loss of precious lives in the devastating tanker fire in Cairo. On behalf of the people and Government of Pakistan, I extend my heartfelt condolences to President Abdel Fattah El-Sisi, the bereaved families and the brotherly people of Egypt. Our… وزیراعظم نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی، سوگوار خاندانوں اور مصر کے برادر عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں برادر ملک مصر کے ساتھ کھڑا ہے۔